30 اگست 2016 - 12:49
عثمان الغانمی عراق کے عبوری وزیردفاع مقرر

عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی نے عثمان فرھود مسیر الغانمی کو عبوری وزیر دفاع مقرر کیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق بدعنوانی میں ملوث ہونے کے الزام میں عراقی وزیردفاع خالد العبیدی کو برطرف کئے جانے کے بعد عراقی وزیراعظم حیدرالعبادی نے جو مسلح افواج کے سپریم کمانڈر بھی ہیں، عثمان فرھود مسیر الغانمی کو ملک کا عبوری وزیردفاع مقرر کیا- عراقی پارلیمنٹ نے گذشتہ جمعرات کو خالد العبیدی کے خلاف عدم اعتماد کا ووٹ دے کر انہیں ان کے عہدے سے برطرف کر دیا تھا-

اس درمیان عراقی پارلیمنٹ میں نیشنل الائنس دھڑے نے جس کی قیادت ابراہیم الجعفری کر رہے ہیں، علاقے کے ملکوں کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے عراق میں سعودی سفیر کو تبدیل کئے جانے سے متعلق عراقی حکومت کی درخواست کی حمایت کی ہے۔

عراقی وزیرخارجہ ابراہیم الجعفری نے اختلافات کو قانونی اور پرامن طریقوں سے حل کئے جانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں امن و استحکام کی برقراری اور اقتصادی مشکلات کو حل کرنے نیز عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے عراق کی سیاسی جماعتوں کے درمیان تعلقات کو زیادہ سے زیادہ بہتر بنانا ضروری ہے-

واضح رہے کہ بغداد میں متعین سعودی سفیر ثامر السہبان کے مداخلت پسندانہ اقدامات اور عراق میں فتنہ انگیزی کرنے کی ان کی کوششوں سے عراق کے سبھی سیاسی دھڑے سخت ناراض ہیں۔

.......

/169